پولیس کا ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج، ینگ ڈاکٹر کی جانب سے سروسز کا بائیکاٹ

کوئٹہ (این پی پی) حفاظتی کٹس کی دستیابی کے لیے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس کا لاٹھی چارج کر کے 100 سے زائد ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سروسز کا بائیکاٹ کردیا۔

کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف حفاظتی کٹس کے لیے احتجاج کررہا تھا،مظاہرین سول اسپتال سے مارچ کرتے ہوئے وزیراعلی سیکریٹریٹ پہنچے تھےکہ اس دوران پولیس نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کردیا اور کئی ڈاکٹرز و طبی عملے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ارکان کو دفعہ 144کی خلاف ورزی پر گرفتارکیاگیا جنہیں مختلف تھانوں میں منتقل کیاگیا ہے۔
پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر یاسر خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ساتھ دہشتگردوں والا سلوک کیا، انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا، 150 سے زائدڈاکٹروں اورپیرامیڈیکس کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات کے بعد کام کرنا ناممکن ہوگیا، حکومت جو کچھ کرتی ہے کرے چاہے نوکری سے نکالے، ہمیں دہشتگردوں کی طرح مارا گیا، اب ہمارے پاس کچھ نہیں، ہمیں سامان نہیں دیاجارہا حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم چین سے ڈاکٹر لے آئیں گے،حفاظتی کٹس کے بغیر ڈاکٹرز اور ان کے اہلخانہ کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں