معروف بھارتی موسیقاروگلوکار واجد علی کا انتقال

ممبئی(این پی پی) بھارتی فلموں کی مقبول موسیقار جوڑی ساجد واجد میں سے ایک واجد علی 42 سال کی عمر میں چل بسے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق موسیقار واجد علی طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا تھے، اور وہ طبیعت زیادہ بگڑنے کے باعث پچھلے 4 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔گلوکار وموسیقار سلیم مرچنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر واجد علی کی موت کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مقبول موسیقار جوڑی ساجد واجد کے رکن واجد علی کی موت سے بہت دکھی اور حیران ہوا ، آپ کے جانے سے ہماری انڈسٹری کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔بھارتی ادکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی ٹوئٹ میں واجد علی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک چیز ہمیشہ یاد رکھوں گی وہ ہے واجد علی کی ہنسی، جو ہر وقت مسکراتے رہتے تھے لیکن ہمیں بہت جلد چھوڑ کر چلے گئے، آپ ہمیشہ دعاوں میں یاد رہوگے۔ گلوکار میکا سنگھ نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ بہت افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے کہ بولی وُڈ انڈسٹری کو بہت سے ہٹ گانے دینے والے بہت ہی باصلاحیت موسیقاروگلوکار واجد علی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ واضح رہے معروف طبلہ نواز استاد شرافت علی خان کے بیٹے تھے اور واجد علی نے حال ہی میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے گانے ’بھائی بھائی‘ کی کمپوزنگ دی تھی۔پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان بھی واجد علی کی موت پر سخت صدمے میں نظر آتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں