کورونا کی حقیقت سمجھانا فیصل قریشی کو مہنگا پڑگیا، وضاحت کردی

کراچی(این پی پی) اداکار فیصل قریشی کے کوروناوائرس کو ڈراما اور ڈراما سیریل ارطغرل غازی کو حقیقت کہنے پر لوگوں کی تنقید کے بعد وضاحتی ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔فیصل قریشی اس وقت سے تنقید کی زد میں ہیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ہمارے یہاں لوگ کورونا وائرس کو ڈراما اور ’’ارطغرل‘‘ جو کہ ایک ڈراما ہے اسے حقیقت سمجھتے ہیں۔ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بھی ان اداکاروں کی صف میں لاکھڑا کیا جو ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کے خلاف ہیں ۔ سوشل میڈیا پر فیصل قریشی پر لوگوں کی جانب مسلسل تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔جب تنقید حد سے بڑھ گئی تو فیصل قریشی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے مجھے اتنی ساری باتیں سنا دیں جس پر مجھے حیرانی کے ساتھ افسوس بھی ہے ۔ لوگوں نے پوری بات نہیں پڑھی دراصل میرے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ کووڈ 19 بہت سنجیدہ مسئلہ ہے جسے لوگ سمجھ نہیں رہے اور لوگ اسے ڈراما سمجھ رہے ہیںجب کہ ارطغرل ایک ڈراما ہے جسے ہمارے لوگوں نے حقیقت سمجھ لیا اور ڈرامے کے اداکاروں کے انسٹاگرام پر جا جاکر ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں تبصرے کرنے لگے۔ یہاں تک کہ ڈرامے کے ہیروئن اسریٰ بلجک جنہوں نے حلیمہ سلطان کا کردار نبھایا ہے کو دوپٹہ نہ لینے پر اور ڈرامے کے ہیرو انجن التان کو گھر میں کتا رکھنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنانے لگے۔ میں نے اس طرح کی ذہنیت رکھنے والوں کو یہ بات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں