راولپنڈی، بس اسٹینڈ کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق

راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو اور پولیس حکام نے دھماکے میں 45 سالہ محمد افضل خان کے جاں بحق ہونے اور 7 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں کی شناخت 26 سالہ بلال، 18 سالہ قاسم، 19 سالہ ابراہیم ، 77 سالہ عبدالرحمٰن، 28 سالہ علاؤالدین، 19 سالہ ظفیر ، 25 سالہ عبدالمنان اور 35 سالہ اسحٰق رحمٰن کے نام سے ہوئی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم پولیس ترجمان سجاد الحسن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر موجود ہیں اور واقعے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

ترجمان پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے دی جا سکے گی۔ ابتدائی طور پر پولیس حکام نے کہا تھا کہ دھماکا ایک رکشے میں ہوا اور یہ تخریب کاری نہیں ہے بلکہ سیلنڈر یا گیس جنریٹر کی وجہ سے ہونے والا دھماکا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔
rawalpindi blast in rakhshaw near bus station

اپنا تبصرہ بھیجیں